بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ مرجع تقلید اور حوزہ علمیہ قم کے استاد آیت اللہ العظمیٰ جوادی آملی نے اپنے درسِ فقہ کے آغاز میں ایام فاطمیہ کی آمد پر، سیدہ فاطمہ زہرا صدیقہ کبریٰ (سلام اللہ علیہا) کی شخصیت کے علمی، روحانی پہلوؤں اور بلند مقام کی تشریح و تبیین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا:
سیدہ زہرا (سلام اللہ علیہا) کی عظمت کو صرف مظلومیت، ان کے گھر پر حملے کے واقعے اور فدک کے معاملے میں تلاش نہیں کرنا چاہئے، بلکہ آپۜ کے علمی اور روحانی مقام کو آپۜ سے منقولہ احادیث اور نورانی خطبات کے ذریعے پہچاننا چاہئے۔
احادیث میں مروی ہے کہ امیرالمومنین علی (علیہ السلام)، تشریف لاتے تھے تو رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ) آپؑ کے احترام میں کھڑے ہو جاتے، لیکن حضرت زہرا (سلام اللہ علیہا) کے بارے میں ایک الگ تعبیر موجود ہے؛ "قامَ إِلَیها"؛ یعنی سیدہۜ، اپنے والد ماجد رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) کی خدمت میں حاضر ہوتی تھیں تو آپؑ اپنی جگہ سے اٹھ کر سیدہۜ کے استقبال کے لئے بڑھ جاتے تھے۔ یہ جملہ یعنی "قامَ إِلَیها" سیدہ صدیقۂ کبریٰ (سلام اللہ علیہا) کے خاص مقام کی نشاندہی کرتا ہے۔
رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ) کا یہ رویہ صرف سیدہ زہرا (سلام اللہ علیہا) کی رسول اللہ (صلی اللہ علیہ و آلہ) سے بیٹی کی نسبت کی وجہ سے نہیں تھا، بلکہ یہ مقام سیدہۜ کے علمی کمالات اور عالمہ اور مستجاب الدعوہ ہونے سے پیدا ہؤا تھا۔
کلینی کی کتاب اصول کافی میں منقولہ احادیث کے مطابق، رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ) کی رحلت کے بعد، جبرائیل بار بار حضرت زہرا (سلام اللہ علیہا) کی خدمت میں آتے تھے اور عالم کے راز، کائنتا کے حقائق اور ماضی و مستقبل کی خبریں آپۜ کو بتاتے تھے اور حضرت یہ باتیں امیرالمومنین (علیہ السلام) تک پہنچاتی تھیں اور آپؑ انہیں ثبت اور محفوظ کر دیتے تھے۔
سیدہۜ پر ڈھایا جانے والے مظالم کا معاملہ، فدک کا واقعہ اور آپۜ کے گھر پر حملے جیسے واقعات، اگرچہ تاریخ اسلام کے اہم مسائل میں سے ہیں، لیکن ان کی وجہ سے اس عظیم القدر خاتونِ اسلامۜ کی عظمت کے دیگر پہلوؤں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہئے؛ سیدہ زہرا (سلام اللہ علیہا) کی عظمت آپۜ کے علمی و روحانی مقام اور بلند معارف و تعلیمات میں ہے جو آپۜ نے یادگار چھوڑی ہیں۔
ان ایام میں سیدہۜ کے علمی کلمات اور نورانی خطبات کو عوام کے لئے واضح کیا جانا چاہئے تاکہ معاشرہ جان لے کہ حضرت صدیقہ کبریٰ (سلام اللہ علیہا) کی شخصیت صرف مظلومیت اور فدک کے معاملے تک محدود نہیں، بلکہ آپۜ علم اور معنویت میں اعلیٰ مقام پر فائز ہیں۔
سیدہ صدیقۂ طاہرہ (سلام اللہ علیہا) واقعۂ مباہلہ میں رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ)، امیرالمومنین (علیہ السلام) اور امام حسن و امام حسین (علیہما السلام) کے ساتھ موجود تھیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ